ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم رہنماؤں سے مشورہ کے بعدجنتادل(ایس ) میں شمولیت کافیصلہ:سی ایم ابراہیم

مسلم رہنماؤں سے مشورہ کے بعدجنتادل(ایس ) میں شمولیت کافیصلہ:سی ایم ابراہیم

Fri, 18 Dec 2020 21:12:15    S.O. News Service

وجئے پور،18؍دسمبر(ایس او نیوز؍رفیع بھنڈاری) موجودہ سیاسی حالات کی روشنی میں مسلم رہنماؤں کے ساتھ رائے مشورہ کرنے کے بعد ہی آخری فیصلہ کروں گا۔آیا کانگریس میں ہی رہوں یا جنتادل (ایس) میں جاؤں۔ سابق مرکزی وزیر و ایم ایل سی، سی ایم ابراہیم نے آج یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مسلم رہنماؤں کے ساتھ رائے مشورہ جاری ہے۔ ان دنوں شمالی کرناٹک کے متعدد صلع ہیڈکوارٹرس کے دورے پر ہوں اور عنقریب دوسرے راؤنڈ کے دورے میں ہر تعلقہ کے مسلم رہنماؤں کا اجلاس طلب کرکے ایک مکمل لائحہ عمل کے تحت فیصلہ کیا جائے گاجس کے لئے مزید وقت درکار ہے، عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا۔ابراہیم نے بتایا کہ انہو ں نے سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا سے ملاقات اس لئے کی تھی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو انسداد گؤکشی کی جو بل لائی گئی ہے اس کی مخالفت جنتادل (ایس) کرے جس کے لئے دیوے گوڈا نے نہ صرف رضامندی دی ہے بلکہ کونسل میں بھی اس بل کی مخالفت کرنے کے لئے اپنے تمام ایم ایل سیز کو وہپ تک جاری کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیوے گوڈا کے ساتھ دوران ملاقات جنتادل (ایس) میں شامل ہونے کی گزارش کرتے ہوئے ریاستی جنتادل (ایس) کا صدر بنانے کی پیش کش کی گئی تو جواب میں یہ بتایا ہوں کہ موجودہ حالات میں انفرادی طور پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا بلکہ عوام کے ساتھ رائے مشورے کرنے کے بعد ہی اس کے نتائج اخذ کئے جاسکتے ہیں جس کے لئے مزید وقت چاہئے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریاستی کونسل کے چیرمین کو ہٹانے کے لئے جنتادل (ایس) نے بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ صرف اس لئے کیا تھا کہ بی ایس ہورٹی کو چیرمین بنایا جائے۔ جے ڈی ایس کی حمایت انسداد گؤکشی بل کے حق میں ہرگز بی جے پی کو نہیں ہے جس کے لئے پہلے ہی جے ڈی ایس نے اپنے ارکان کونسل کو وہپ جاری کردی ہے۔ اس طرح انسداد گؤکشی بل کی جنتادل (ایس) کی جانب سے بی جے پی کی حمایت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ابراہیم نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کمارسوامی کے حوالے سے بتایا کہ ریاستی کونسل کے چیرمین کی حیثیت سے اگر کانگریس جے ڈی ایس کے بی ایس ہورٹی کو سپورٹ کرتی ہے تو جے ڈی ایس اس معاملے میں کانگریس کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے۔تاہم اس معاملے میں کانگریس اور بی جے پی دونوں ہٹ دھرمی پر معلوم ہورہے ہیں۔مگر انسداد گؤکشی بل کی مخالفت کرنے کانگریس اور جنتادل ایس دونوں کمربستہ ہیں۔


Share: